• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی وبا کے باعث فلم’مولان‘ کو آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان

دنیا بھر میں دسمبر 2019 سے پھیلی کورونا کی وبا کے باعث مارچ 2020 سے سینما ہالز بند ہیں اور وبا کی اس صورتحال کے پیش نظر ڈزنی نے اپنی آنے والی میگا بجٹ لائیو ایکشن فلم ’مولان‘ کو بڑے پردے پر ریلیز کرنے کے بجائے آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

 ڈزنی اسٹوڈیو کے سی ای او نے تصدیق کی کہ ’مولان‘ کو آئندہ ماہ 4 ستمبر کو ویب اسٹریمنگ ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا۔

ڈزنی پلس ویب سائٹ کمپنی کی اپنی سبسکرپشن ویب سائٹ ہے جہاں پر اسٹوڈیو کی کئی فلمیں ریلیز کی جا چکی ہیں۔

ڈزنی پلس ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ متعدد ممالک میں سروس فراہم نہیں کرتی اور کمپنی کے مطابق جن ممالک میں ویب سائٹ نہیں چلتی وہاں بعد میں فلم کو سینما ہالز میں ریلیز کیا جائے گا۔

ڈزنی نے جہاں ’مولان‘ کو ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا، وہیں کمپنی نے فلم کو جاری کرنے پر صارفین سے تقریباً 29 ڈالر اضافی فیس بھی لینے کا اعلان کیا ہے۔

ڈزنی پلس پر ’مولان‘ کو دیکھنے والے صارفین اب 29 امریکی ڈالر اضافی فیس ادا کریں گے۔’مولان‘ کو ابتدائی طور پر رواں برس مارچ میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اس کی نمائش جولائی تک ملتوی کردی گئی تھی۔

تاہم دنیا بھر میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے باعث ایک بار پھر ’مولان‘ کی ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا اور پھر چوتھی بار بھی فلم کی نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے اسے اگست میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

لیکن دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کم نہ ہونے کے باعث جولائی کے آخر میں ہی ڈزنی نے ’مولان‘ کو غیر معینہ مدت تک ریلیز نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب کمپنی نے فلم کو آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔

نکی کیرو کی ہدایتکاری میں بننے والی مولان‘ لائیو ایکشن اینیمیٹڈ فلم دراصل 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مولان‘ کا ریمیک ہے جبکہ فلم کی کہانی رک جفا، امنڈا سلور، ایلزبیتھ مارٹن اور لارین ہارنک کی لکھی گئی تاریخی نظم سے لی گئی ہے۔

فلم کی کہانی پانچویں صدی میں چین کی مارشل آرٹ کی ماہر اور جنگجو خاتون ’ہوا مولان‘ کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے 25 سال تک مختلف جنگیں لڑیں۔

ڈزنی اسٹوڈیو کے تحت بننے والی فلم 'مولان'میں چینی اداکارہ لیو یفائے مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

تازہ ترین