کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے سابق ہاکی اولمپئینز اور انٹر نیشنل کھلاڑیوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے،جس کے بعد پی ایچ ایف کا تھنک ٹینک تشکیل دیا جائے گا، پی ایچ ایف پر تنقید میں اضافے کے بعد حکام نے سابق ہاکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں سابق کپتان منظور الحسن، سلیم ناظم، حسن سردار، حنیف خان،رشید جونیئر،اصلاح الدین،قمر ضیاءسمیع اللہ،سمیت بعض انٹر نیشنل ہاکی کھلاڑیوں سے بھی رابطہ کا امکان ہے۔جس کے بعد ملک میں ہاکی میں بہتری کے لئے ایک تھنک ٹینک بنایا جائے گا جسے ڈومیسٹک ہاکی میں تبدیلی اور دیگر امور کی ذمے داری حوالے کی جائے گی، پی ایچ ایف نے ملک کے مختلف اداروں میں بند ہاکی ٹیموں کی بحالی کے لئے بھی ان کے حکام سے بات چیت کا فیصلہ کیا ہے۔