• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کرکٹ ورلڈ کپ ملتوی، اب انعقاد 2022 میں ہوگا

خواتین کرکٹ ورلڈ کپ ملتوی، اب انعقاد 2022 میں ہوگا 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے خواتین کر کٹ ورلڈ کپ بھی ایک سال کے لئے ملتوی کردیا ہے۔ خواتین ورلڈ کپ اب فروری،مارچ 2022میں نیوز ی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔ یہ فیصلہ جمعہ کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں کورونا کی وجہ سے کیا ہے۔ نیوزی لینڈ اس وقت کورونا فری ملک ہے اور وہ ایونٹ کی میزبانی کے لئے تیار تھا لیکن آئی سی سی نے اسے بھی ایک سال آگے بڑھا دیا۔ اس طرح کوروناکی وجہ سے ورلڈ ٹی 20 کے بعد ملتوی ہونے والا یہ دوسرا گلوبل ایونٹ ہے۔ خواتین ایونٹ کا کوالیفائنگ رائونڈ بھی 2021میں ہوگا۔آئی سی سی کے مطابق جو ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں، ان کے اسٹیٹس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ آئی سی سی نے 2021ء اور 2022ء کے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میزبان ملکوں اور کوالیفائنگ پراسس کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کورونا کے سبب ملتوی مردوں کے ورلڈ ٹی 20 کپ کی اپنے وقت پر اکتوبر، نومبر 2021 اور آسٹریلیا اگلے ایونٹ کی میزبانی 2022میں میزبانی کرے گا۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بھارت میں 2023کا ورلڈ کپ کھیلا جائے گا ہے اس لئے مسلسل 2 سال ایونٹ کی میزبانی کسی ملک کے لئے ممکن نہیں ہے۔ بھارت میں شیڈول اگلے سال کے ایونٹ کا مکمل پروگرام اس سال 14 نومبر تک جاری ہو گا جبکہ آسٹریلیا کے 2022کے ایونٹ کا شیڈول 13نومبر تک جاری کیا جائے گا۔

تازہ ترین