مستقبل کے واقعات دکھانے کے حوالے سے مشہور کارٹون سیریز ’سمپسنز‘ میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکوں کی پیشگوئی کی گئی تھی۔
31سیزنز اور 677 اقساط پر مبنی اس کارٹون سیریز کا حوالہ دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر اس کا ایک کِلپ شیئر کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کارٹون سیریز میں شامل یہ منظر بالکل بیروت دھماکوں سے مماثلت رکھتا ہے۔
تیزی سے وائرل ہوتے کِلپ میں ویسا ہی آگ کا شعلہ اور دھوئیں کا بگولہ اٹھتے ہوئے دکھایا گیا ہے جیسا لبنان کے دارالحکومت بیروت سے دھماکے کی منظرعام پر آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حیرانی کا اظہار کیا جارہا ہے کہ کس طرح سمپسنز کے مصنف نے لگ بھگ تین دہائیاں قبل بیروت دھماکے جیسے ایک اور سانحے کی پیشگوئی کر ڈالی تھی۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش ’سمپسنز‘ کے مختصر کِلپ میں ایک کردار جسے مسلمان ظاہر کیا گیا ہے، وہ دوسرے شخص کو کہتا ہے کہ میرے ساتھ آؤ اور وہ اس کے ساتھ چلاجاتا ہے۔
دونوں کردار ایک کمرے میں داخل ہوتے ہیں اور وہاں پر موجود M320 لکھے سرخ رنگ کے تین گرینیڈ موجود ہیں۔
ان میں سے ایک شخص ایک گرینیڈ کو اٹھاتا ہے اور اسے جلاتا ہے جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوتا ہے اور پورا شہر مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہوجاتا ہے بالکل اسی طرح جس طرح بیروت میں دھماکا ہوا۔
اس سے قبل اس سیریز سے متعلق یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ 1993 میں اس کارٹون نے کورونا وائرس کی حالیہ وبا کی بھی پیش گوئی کی تھی اور اب بیروت دھماکے کے متعلق بھی ایسا ہی دعویٰ سامنے آ گیا ہے۔
1989 میں پیش کیے جانے والے اس کارٹون سیریز کو ایک بہت ہی مشہور اینیمیٹڈ کامیڈی سیریز سمجھا جاتا ہے، اس سیریز میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد مزاح سے بھرپور مناظر پیش کیے گئے لیکن آج اس سیریز کی وجہ اہمیت و مقبولیت اس کے مذاق نہیں بلکہ اس میں پیش کیے گئے واقعات کا موجودہ دور میں رونما ہونا ہے۔