• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں 7 لاکھ پودے لگائیں گے: وزیرِ اعلیٰ پنجاب

لاہور میں 7 لاکھ پودے لگائیں گے: وزیرِ اعلیٰ پنجاب


وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ ہم لاہور میں 7 لاکھ پودے لگائیں گے، راوی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں بھی 7 لاکھ پودے لگائیں گے۔

لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شروع دن سے ہمارے خلاف پروپیگنڈا مہم چل رہی ہے، ہم پر مثبت تنقید کی جائے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے، تمام معاملات قواعد و ضوابط کے مطابق چلاتا ہوں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سپریم کورٹ، لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہو چکا ہوں، نیب میں بھی پیش ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بڑا صوبہ ہے، یہ نہیں کہہ سکتا کہ سب اچھا ہے، جہاں جہاں مسائل نظر آتے ہیں، ان کے خلاف ایکشن لینا ہمارا فرض بنتا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ روزانہ ہزاروں فائلیں چلتی ہیں، ہر فائل ایوانِ وزیرِ اعلیٰ نہیں آتی، کردار کشی کے بجائے خرابیوں کی نشاندہی کریں۔

انہوں نے کہا کہ سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے، الزامات لگانے والے اپنا کام کریں، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار نیب میں طلب

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی منصوبہ گیم چینجر ثابت ہو گا، کسی حکومت کی جرأت نہیں تھی کہ اس منصوبے کو شروع کرتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، ہمارا دامن صاف ہے، ہمیں ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک نہیں 10 بار نیب بلائے، جائیں گے اور ہر چیز دکھائیں گے، ہم نے غلط کام کیا ہے، نہ کرنے دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ راوی ریور فرنٹ منصوبہ پنجاب بھر کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دن بدن ملکی حالات بہتری اور خوش حالی کی طرف گامزن ہیں، کوٹ لکھپت جیل میں 1200 پھلدار درخت عطیہ کر چکا ہوں۔

تازہ ترین