• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ کا چیف سیکرٹری سندھ اور صوبائی الیکشن کمیشن کو نوٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے نئی حلقہ بندیوں کیلئے صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر کو شامل کرنے سے متعلق درخواست پر چیف سیکرٹری سندھ، صوبائی الیکشن کمیشن، سیکرٹری بلدیات ، سیکرٹری سی سی آئی، ڈپٹی اٹارنی جنرل، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر کو بھی نوٹس جاری کردئیے۔ عدالت نے مدعاعلیہان سے 26 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔ بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں نئے حلقہ بندیوں کے لیے صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر کو شامل کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایم کیوایم رہنما عامر خان کنور نوید جمیل اور مئیر کراچی وسیم اختر کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ ایم کیوایم پاکستان نے الیکش کمیشن کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنے نوٹیفکیشن میں حلقہ بندیوں کیلئے ڈپٹی کمشنر اسسٹنٹ کمشنر کو شامل کیا تھا ، 2013 میں حلقہ بندیوں کا طریقہ طے ہوچکا ہے، الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹی تشکیل دینا غیر قانونی ہے، جو حلقہ بندیاں ہوچکی ہیں انکی رپورٹ بھی تاحال پبلک نہیں کی گئی، حلقہ بندیوں سے متعلق کمیٹی بلدیاتی انتخابات میں بھی اثر انداز ہوگی، الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ، صوبائی الیکشن کمیشن، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری سی سی آئی، ڈپٹی اٹارنی جنرل، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر کو بھی نوٹس جاری کردئیے۔ عدالت نے مدعاعلیہان سے 26اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔

تازہ ترین