• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کا مسئلہ اٹھانے پر ہم سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں: حافظ نعیم

نون لیگ نے پانچ سال مسلسل کے الیکٹرک کو سپورٹ کیا،  حافظ نعیم


امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ کراچی کا مسئلہ اٹھانے پر ہم سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں۔

حافظ نعیم نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کے حوالے سے پر امید ہیں کہ عدالت سے انصاف ملے گا، کراچی کا مسئلہ اٹھانے پر ہم سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ اوور بلنگ کی جارہی ہے، میٹر کو دیکھنے کے لیے کوئی انڈیپنڈنٹ ادارہ نہیں، کے الیکٹرک کو جب بیچا تو ایم کیو ایم پیپلزپارٹی حکومت کے ساتھ ملی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ نے پانچ سال مسلسل کے الیکٹرک کو سپورٹ کیا، تبدیلی سرکار آئی تو پتہ چلا یہ تو پہلے سے ہی کے الیکٹرک کی مالک کمپنی کے ساتھ تھے۔

 انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کرنٹ سے ہلاکتوں کے معاملے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ پرسوں کے الیکٹرک کو بجلی بند نہ کرنے کا کہا تو کل آدھے کراچی میں بجلی بند کر دی، ان کا دماغ ٹھیک ہے؟

انہوں نے کہا کہ آدھے کراچی میں بجلی نہیں ہوتی، یہ کون ہوتے ہیں بجلی بند کرنے والے؟

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی پیش ہوئے جنہوں نے شہر میں لوڈ شیڈنگ سے متعلق رپورٹ پیش کر دی۔

عدالتِ عظمیٰ نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق مزید سماعت اسلام آباد میں کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں تک کے لیے ملتوی کر دی۔

تازہ ترین