• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے پشاور BRT منصوبے کا افتتاح کردیا


وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختون خوا میں گزشتہ دورِ حکومت کے دوران شروع کیے گئے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان  کا کہنا تھا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ پشاور بی آر ٹی منصوبے پر مجھے تحفظات تھے۔ سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک بی آر ٹی منصوبے پر پُراعتماد تھے، تاہم پرویز خٹک ٹھیک تھے اور میں غلط تھا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت اور وزیراعلیٰ محمود خان کو بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں ہوگا، یہ 10 روپے سے 50 روپے تک ہر فرد براشت کرسکتا ہے، طلباء کے لئے بھی بی آر ٹی کے ٹکٹس رکھیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کے روٹ کے ساتھ سارے اسپتال بھی منسلک ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بی آر ٹی سے بہترین سفری سہولت ملی ہے، اس سے خوشحالی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ بی آر ٹی کی بسیں ہائبرڈ ہیں، جس سے آلودگی میں کمی ہوگی۔ بی آر ٹی سے پشاور میں ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری اولین ترجیح ہے۔

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت صوبے کی دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی شریک تھیں۔

تازہ ترین