وفاق وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ صنعتوں کو بروقت اور مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ معیشت کے لیے سود مند ثابت ہوا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان پوری ثابت قدمی سے معاشی بحالی کی راہ پر نکل کھڑا ہوا ہے۔ صعنت و معیشت کی بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ خسارے کم ہو رہے ہیں، ٹیکس اہداف سے بڑھ کر جمع ہو رہے ہیں، کھاد اور سیمنٹ کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور گاڑیوں کی فروخت میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تعمیراتی صنعت اور برآمدات کے شعبے میں بھی نمایاں بہتری آرہی ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو بروقت اور مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ معیشت کے لیے سودمند ثابت ہوا۔
وزیر صنعت نے کہا کہ مالی امداد کی فراہمی، ٹیکس بجٹ معیشت کے لیے بہتر ثابت ہوئے جبکہ کورونا وبا کے باعث ٹیکس فری بجٹ معیشت کے لیے بہتر رہا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ سے یوریا کھاد کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، اس اقدام سے مستقبل میں یوریا کھاد کا اضافی اسٹاک موجود ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ کھاد کی ڈیمانڈ اور سپلائی مد نظر رکھتے ہوئے 2 نجی پلانٹ آپریشنل کر دیے گئے ہیں۔
حماد اظہر نے یہ بھی کہا کہ قیمتوں میں استحکام برقرار رہے گا۔