• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات قائم کرنے کیلئے معاہدہ


متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے لیے معاہدہ طے پا گیا، دونوں ممالک کے درمیان سفارتخانہ کھولنے پر بھی اتفاق ہوا ہے، معاہدے پر باضابطہ دستخط آئندہ ہفتوں میں ہوں گے۔

اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق اس معاہدے کے بعد یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان سیکیورٹی اور توانائی شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان، اسرائیلی وزیراعظم بینجمِن نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آج ایک بڑا کام ہوگیا، اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی امن معاہدہ ہوگیا۔

ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان، اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتن یاہو کے درمیان معاہدے سے متعلق اتفاق ہوا ہے۔

اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک پہلے ہی کئی شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں، جبکہ نئے معاہدے کے بعد فریقین اسرائیل-فلسطین تنازع پر قرارداد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل اور متحدہ عرب امارات ایک دوسرے کے سفارت خانے کھولیں گے۔

دونوں ممالک کے وفود آئندہ ہفتوں میں دوطرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سرمایہ کاری، سیاحت، براہِ راست پروازوں، سیکیورٹی شعبوں میں معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

ٹیلی مواصلات، ٹیکنالوجی، توانائی، صحت، ثقافت، ماحولیات اور دیگر شعبوں سے متعلق معاہدے ہوں گے۔

اس حوالے سے ابوظبی کے ولی عہد نے کہا کہ ان کی امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ معاہدہ ہوا ہے کہ اسرائیل مزید فسلطینی علاقوں کو ضم نہیں کرے گا۔

ولی عہد ابوظبی کا کہنا تھا کہ یو اے ای اور اسرائیل نے تعاون اور دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کے لیے روڈمیپ پر اتفاق کیا ہے۔

تازہ ترین