• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: آج سے اتوار تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی


محکمۂ موسمیات نے آج (جمعے) سے اتوار تک کراچی اور سندھ بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔

ترجمان محکمۂ موسمیات کے مطابق آج شام سے اتوار کے دوران مون سون کی مزید ہوائیں سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

ان ہواؤں کے زیرِ اثر کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

شہید بینظیر آباد، تھر پارکر، میر پور خاص، عمر کوٹ، مٹھی اور سانگھڑ میں بھی بادل برسیں گے۔

محکمۂ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جمعے سے اتوار کے دوران موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

مون سون سسٹم آج سے سندھ پر اثر انداز ہوگا جس کے تحت کراچی میں کل شام تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 29 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہرِ قائد میں جنوب مغرب کی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہے۔

تازہ ترین