• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جڑواں شہروں میں یوم آزادی پر تقاریب اور ریلیاں، وطن سے بھرپور بھرپور اظہار

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ خبر نگار) وفاقی دارالحکومت میں جشن آزادی پر مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور تنظیموں کی تقاریب ہوئیں۔ جشن آزادی شروع ہوتے ہی سڑکوں پر ایس او پیز کی تمام پابندیاں بالائے طاق رکھتے ہوئے نوجوان سڑکوں پر نکل آئے۔ موٹر سائیکلوں پر کرتب دکھاتے رہے‘ ڈھول باجے کے ساتھ بچے والدین کے ہمراہ پارکوں اور تفریحی مقامات کے گرد منڈلاتے رہے۔ ٹریفک سست روی کا شکار رہی اور بہت علاقوں میں مکمل جام رہی۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام پرچم کشائی تقریب میں مرکزی نائب امیر میاں اسلم شریک تھے۔ راولپنڈی پولیس کی تقریب پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے ہمراہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ہوئی۔ آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک، سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس اور دیگر سینئر پولیس افسران اور دیگر نے شرکت کی۔ ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں پرچم کشائی تقریب میں ریٹائرڈ و حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔ موٹر وے پولیس نے جشن آزادی پر قانون کی پاسداری کرنیوالوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ٹول پلازہ پر منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی اشفاق احمد تھے۔ تحریک منہاج القران کے زیراہتمام بھی پرچم کشائی کی گئی۔ ایم ڈبلیو ایم کی تقریب میں علامہ سید اعجاز بہشتی اور دیگر شریک تھے۔ نثار فیضی، ملک اقرار حسین اور ارشاد حسین بنگش نے خطاب کیا۔ تحریک جوانان کے زیراہتمام چاہ سلطان جلسہ میں محمد عبداللہ حمید گل اور خان محمد خان نے خطاب کیا۔ جشن آزادی کی رات گئے تک سڑکوں پر شہریوں کا رش رہا۔ مقامی تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او شبیر تنولی نے منت سماجت کر کے ڈی چوک سے شہریوں کا رش کم کیا۔ ڈی چوک بلیو ایریا، مری روڈ، کشمیر روڈ، جناح ایونیو اور ایکسپریس وے پر ہلا گلا کرنیوالے بڑی تعداد میں موجودتھے۔
تازہ ترین