• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعلیٰ سول ایوارڈز کیلئے نامزد ہونے پر ہمایوں سعید اور علی ظفر شکر گزار

صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے مختلف شخصیات کو اعلیٰ سول ایوارڈز دینے کا اعلان کیا گیا ہے جن میں پاکستانی گلوکار علی ظفر اور پاکستانی اداکار اور ہدایتکار ہمایوں سعید بھی شامل ہیں ۔

پاکستان کے 74 ویں جشن آزادی کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی 184 ملکی اور غیر ملکی شخصیات کو پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈز سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے جنہیں آئندہ سال 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

جہاں غیر ملکی شخصیات کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے وہیں صدر مملکت نے میوزک، اداکاری، ادب اور دیگر فنون لطیفہ کے شعبہ جات سے بھی متعدد شخصیات کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا ہے۔

پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی متعدد شخصیات میں علی ظفر اور ہمایوں سعید بھی شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے پر اپنے رب تعالیٰ اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

فوٹو ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرا م پر دونوں فنکاروں کی جانب سے اسی متعلق ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے ۔

پاکستانی ہر دلعزیز گلوکار علی ظفر نے قائد اعظم کے مزار کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ’پرائیڈ آف پرفارمنس‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، وہ اپنے شائقین اور مددگاروں کی جانب سے ملنے والے اس پیار کے ہمیشہ مقروض رہیں گے، وہ اللّٰہ کے عاجزی اور انکساری کے ساتھ شکر گزار ہیں۔‘

دوسری جانب ہمایوں سعید کی جانب سے بھی اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’بے شمار نعتوں کے لیے وہ اللّٰہ پاک کے بے حد شکر گزار ہیں۔‘

انہوں نے حاصل کرنے والی تمام کامیابیوں اور کامرانیوں کے لیے اللّٰہ پاک شکر ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ملنا اُن کے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ۔‘

ہمایوں سعید نے اپنی پوسٹ میں اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’ آپ سب کے پیار، حوصلہ افزائی اور تعریف کا بہت شکریہ ۔‘

علی ظفر اور ہمایوں سعید کے اعلیٰ ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے پر اُن کے مداح بھی خوشی سے نہال نظر آ رہے ہیں ۔

تازہ ترین