وزیرِ ریلوے شیخ رشید کہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن صاحب جاگتے رہنا، اپوزیشنن کو صرف این آر اوچاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پہلے بھی اپوزیشن کے ہاتھوں استعمال ہوچکے ہیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سمجھتی ہے کہ وہ مولانا فضل الرحمٰن کو استعمال کر سکیں گے، فضل الرحمٰن سمجھتے ہیں کہ وہ بچوں کو ورغلا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کوئی تحریک نہیں چلا رہی، یہ اپنے کیسز سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، اپوزیشن کی سیاست وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔
ریلوے کے وزیر کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے پتھراؤ والا جلوس نکالا، مریم کے جلوس میں سارے پاکستان سے لوگ اکٹھے کیے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ آج نوازشریف جہاں کھڑے ہیں اس کی وجہ ان کی بیٹی ہیں، مریم نواز پیشی پر ایسے آئیں جیسے کوئی قلعہ فتح کرنا ہو۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ سعودی عرب آزمودہ دوست ہے، سعودیہ اور پاکستان میں جو غلط فہمیاں تھیں وہ دور ہو چکی ہیں، تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب جائیں گے، پاکستان سعودی عرب سے دوستی کو آگے لے کر بڑھے گا، وہاں سے اچھی خبریں آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیئے: عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے، شیخ رشید
وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کی وباء کو بہتر طریقے سے ہینڈل کیا، جبکہ بھارت میں کورونا سے روزانہ ایک ہزار لوگ انتقال کر رہے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر یہ بات دہرائی کہ عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے، عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسائل کا حل چیف جسٹس نے دیا ہے کہ 120 عدالتیں قائم کی جائیں، عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔