وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کے روز پشاور بس ریپڈ ٹرانسپورٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری اولین ترجیح ہے، منصوبے پر مجھے تحفظات تھے جبکہ پرویز خٹک پر اعتماد تھا پرویز خٹک ٹھیک جبکہ میں غلط تھا، وزیر اعظم کے بقول بی آر ٹی کے باعث ٹریفک کی روانی میں بہتری آئیگی اور ہائبرڈ بسوں کی وجہ سے آلودگی میں کمی ہو گی، بی آر ٹی کے روٹ کے ساتھ سارے اسپتال منسلک ہیں، ابتدائی طور پر 27کلو میٹر طویل روٹ پر 128جدید ترین بسیں چلائی جائیں گی روزانہ 4لاکھ افراد مستفید ہوں گے، معذوروں کیلئے جگہ مختص کر دی گئی ہے۔ پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا کے میگا پراجیکٹ بی آر ٹی کا سنگ بنیاد اکتوبر 2017ء میں پرویز خٹک کی وزارت اعلیٰ کے دور میں رکھا گیا تھا اور تکمیل کے لئے 6ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی لیکن منصوبہ طویل ہوتا گیا، 8مرتبہ تکمیل کی تاریخ دی گئی۔منصوبے کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ 49ارب روپے تھا لیکن اس کے ڈیزائن میں نقائص کے باعث اس میں دو درجن سے زائد مرتبہ تبدیلیاں کی گئیں جس سے لاگت کا بڑھنا ناگزیر تھا جو 71ارب روپے تک جا پہنچی۔بالآخر جمعرات کے روز یہ منصوبہ جو پی ٹی آئی کی حکومت کے لئے دردسر بنا جا رہا تھا مکمل ہوگیا۔جس پر اسے کرپشن اور نجانے کون کون سے طعنے بھی برداشت کرنا پڑے ،اس کی تاخیر کی وجہ منصوبہ بندی کےنقائص کی صورت میں سامنے آئی، ضروری ہے کہ حکومت آئندہ کوئی بھی کام مکمل منصوبہ بندی سے کرے تاکہ سبکی نہ ہو۔وزیر اعظم کو اب اپنی اس بات کو حرز جاں بنالیں کہ ’’عوامی زندگی میں بہتری اولین ترجیح ہے‘‘۔یہ راہ عمل انہیں بے شمار کامیابیوں سے ہمکنار کر سکتی ہے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998