تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انگین آلتان آج شام 6 بجے پاکستانی بچوں سے آن لائن ملاقات کریں گے۔
ویڈیو لنک ملاقات سے قبل انگین آلتان دوزیاتان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ وہ 18 اگست کو پاکستان میں تین شدید بیمار پاکستانی مریضوں سے ویڈیو لنک ملاقات کریں گے۔
انسٹا پر وائرل ویڈیو میں انگین آلتان نے کہا تھا کہ ’ہیلو پاکستان، میں میک اے وِش چلڈرن سے 18 اگست کو آن لائن ملاقات کروں گا، آپ سب سے جلد ملاقات ہوگی۔‘
اب حال ہی میں میک اے وش کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس کے مطابق آج شام 6 بچے انگین آلتان پاکستان کے 3 بچوں سے فیس بُک لائیو کے ذریعے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر انگین آلتان دوزیاتان نے اردو میں پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل بلال خان پاشا نے بتایا کہ یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر انگین آلتان کو استنبول میں موجود پاکستانی قونصلیٹ میں مدعو کیا گیا تھا۔