کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے ایام میں سیکورٹی و بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی سمیت مذہبی رواداری کے فروغ اور تسلسل کے لئے اہم اقدامات کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ سیکرٹریٹ میں علمائے کرام کے ساتھ اجلاس کی صدارت کے موقع پرکیا،اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم سید وقار مہدی ،اسپیشل اسسٹنٹ ٹو چیف منسٹر راشد ربانی ودیگر بھی موجود تھے، ناصر شاہ نےکہا کہ کسی کو بھی مذہبی منافرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عزاداری اور مجالس میں ایس او پیز کی پیروی ضرورکی جائے،پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے کمر بستہ ہے، ہر صورت عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔