• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیر سے کراچی کے 3 بڑے نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ شروع ہوگا، اسد عمر


وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پیر سے کراچی کے 3 بڑے نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ شروع ہوجائے گا۔

کراچی میں ونتھلی میمن ایسوسی ایشن کی تقریب میں خطبہ استقبالیہ میمن ایسوسی ایشن کے صدر ہارون قاسم نے پیش کیا۔

اپنے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ پیر سے گجرنالے، ملیری ندی اور لیاری ندی سے تجاوزات کا خاتمہ شروع ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میمن کمیونٹی کے ساتھ دلی لگاؤ ہے، انسانی خدمت کے بیشتر ادارے کراچی میں ہیں اور میمن کمیونٹی ان فلاحی کاموں میں پیش پیش رہتی ہے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ شہر کی ترقی کے حوالے سے کمیٹی پر کام ہورہا ہے، تعمیراتی شعبے کو سہولیات دلانے کے لیے وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو فون کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 1 کروڑ سے زائد گھروں کی قلت ہے، تعمیراتی شعبہ کئی صنعتوں کی ترقی اور روزگار کا سبب بن سکتا ہے۔

تقریب میں چیئرمین آباد محسن شیخانی بھی موجود تھے، جنہوں نے کراچی کا ایڈمنسٹریٹر نجی شعبے سے لینے کی تجویز دی۔

محسن شیخانی نے مزید کہا کہ کراچی پر 20 ارب ڈالرز خرچ ہوں تو یہ رہنے کے قابل ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعمیراتی شعبے کے 13 اجلاس ہوچکے ہیں اور شعبے کی ترقی کے لیے تیزی سے پیشرفت ہورہی ہے۔

تازہ ترین