وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ملک میں شدید بارشوں سے متاثرہ عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ شدید بارشوں کے تناظر میں میری حکومت عوام خصوصاً کراچی کے لوگوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں امدادی کارروائیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں اور صورتحال سے باقاعدہ طور پر باخبر رہنے کیلئے این ڈی ایم اے کے چیئرمین اور گورنر سندھ سے مستقل رابطے میں ہوں۔
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایات دی ہیں کہ پانی میں پھنسے لوگوں کو بچانے پر ہی اکتفا نہ کریں بلکہ فوری طور پر ضرورت مند افراد کیلئے ہنگامی طبی امداد، خوراک اور پناہ گاہ کی فراہمی کابھی انتظام کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ میں نے انہیں بنیادی سہولیات (یوٹیلیٹیز) کی فوری بحالی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی اصلاح اور کراچی کے عوام کو فراہمی آب جیسے بڑے چیلنج پر قابو پاتے ہوئے ہم سیلاب سے پیدا شدہ مسائل کے مستقل حل کے منصوبے کا اعلان کریں گے اور ان بحرانی حالات میں اہل کراچی کو کسی طور تنہا نہیں چھوڑیں گے۔