چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے مدد مانگیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ امید ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کی معیشت معمول پر لانے کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کرے گی۔
پارٹی اعلامیہ کے مطابق بلاول بھٹو نے حکومتِ سندھ کو بروقت امدادی کارروایوں کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، اور کہا کہ حکومت سندھ قدرتی آفات سے متاثرہ صوبے کے شہریوں کے لیے بروقت ریلیف یقینی بنائے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں سرکاری و نجی املاک کو نقصانات کا سروے کرائے، اور سندھ بھرمیں امدادی کام تیز اور بحالی کےعمل کو جلد شروع کیا جائے۔ بارشوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کا کام مکمل کرکے آمدورفت کوبحال کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے: کہاں کتنی بارش ہوئی؟ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار
بلاول بھٹو نے کہا کہ بارشوں سے پورے صوبے میں نقصان ہوا، کاشت کاروں کو بہت بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ کاشت کاروں کی کھڑی فصلیں غیرمعمولی موسلا دھار بارش میں زیرِ آب آگئی ہیں۔