اسلام آباد (نمائندہ جنگ، اے پی پی) العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کیخلاف اپیلوں کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔
نیب کی العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے، فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کیخلاف اپیلیں بھی سنی جائینگی۔
جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں ڈویژن بنچ سماعت کریگا۔ ایون فیلڈ ریفرنس اپیل میں مریم نواز اورکیپٹن صفدر کے وکیل امجد پرویز نے کیس ملتوی کرنے کی الگ الگ درخواست بھی دائر کر دی۔
نوازشریف نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرا دی ہے، جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ بیرون ملک زیر علاج ہیں۔ نواز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو صحت یابی کے فوری بعد پاکستان واپسی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے باعث لندن میں علاج تاخیر کا شکار ہوا۔
ڈاکٹرز نے تاحال سفر کی اجازت نہیں دی، صحت یابی کے بعد اجازت دی تو پہلی فلائٹ سے پاکستان آئوں گا۔
پنجاب حکومت کو ضمانت میں توسیع کیلئے میڈیکل رپورٹ سمیت تمام دستاویزات فراہم کیں لیکن پنجاب حکومت نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے طے شدہ منصوبے کے تحت ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی۔