• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کل کے ڈراموں کا موضوع صرف شادی اور طلاق ہے، بشریٰ انصاری

ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ آج کل کے ڈراموں کا موضوع صرف شادی اور طلاق ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ بشریٰ انصاری کا لکھا ڈرامہ ’زیبائش‘ آج کل نجی چینل پر دکھایا جارہا ہے جس میں بشریٰ انصاری نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، اس ڈرامے سے متعلق بشریٰ انصاری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’زیبائش‘ کو ناظرین کی جانب سے ملا جلا ردعمل مل رہا ہے۔

’زیبائش‘ کی کاسٹ میں بشریٰ انصاری کے علاوہ اُن کی بہن اسماء عباس، اُن کی بھانجی زارا نور عباس اور زارا کے شوہر اسد صدیقی موجود ہیں، ڈرامے میں اداکارہ کے خاندان سے تعلق رکھنے والے افرادکو کاسٹ کرنے پر ڈرامے کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس حوالے سے بشریٰ انصاری نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ انہیں اس ڈرامے کا جہاں اچھا رسپانس مل رہا ہے وہاں تنقید بھی سننے کو مل رہی ہے کہ ڈرامے میں اپنی فیملی کے پانچ لوگ اکٹھے کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ایک ہی فیملی سے پانچ لوگوں کا باصلاحیت ہونا ہی منفی پوائنٹ بن جاتا ہے۔

اداکارہ بشریٰ انصاری نے موجودہ دور کے فنکاروں کا پی ٹی وی کے دور کے فنکاروں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے نئے لکھنے والوں کو موقع نہیں ملتا ورنہ اُن سے دس گنا باصلاحیت لوگ موجود ہیں جو سامنے نہیں آسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمرشل ٹی وی کی ایک اچھی بات یہ ہے کہ ایک نوکرانی کا کردار کرنے والی کو بھی پچاس ہزار مل جاتے ہیں جبکہ ہم آٹھ آٹھ دن کام کرتے تھے تو 800 روپے ملتے تھے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ آج کل کے ڈراموں کا موضوع صرف شادی اور طلاق ہے جبکہ اُن کے اپنے ڈرامے ’زیبائش‘ کا موضوع بھی طلاق اور شوہر کے دوسری عورت کے ساتھ تعلق پر مبنی ہے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُن کے ڈرامےمیں پی ٹی وی کا رنگ نظر آتا ہے۔ ڈرامے کے ڈائیلاگز پی ٹی وی کے ڈراموں کی یاد دلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے ڈرامے میں مجھے طلاق ہوئی لیکن میری طلاق کے گرد وہ ڈراما نہیں گھوم رہا بلکہ اس میں باقی کردار بھی بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

اپنے انٹرویو کے آخر میں اداکارہ نے مزید کہا کہ میں نے اپنے ڈرامے کا نام ’زیبائش‘ رکھا ہےجبکہ آج کل کے ڈراموں کے نام ’مجھے طلاق چاہیے، بیٹا نہیں بیٹی چاہیے‘ وغیرہ ہیں، میں نے اپنے ڈرامے کا نام بھی سوچ سمجھ کر رکھا ہے۔

تازہ ترین