• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی افسر سے کوئی شکایت نہیں، سی سی پی او لاہور عمر شیخ


سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا کہنا ہےکہ جن افسران نے ان کے خلاف اجلاس کیا وہ انہیں آج منائیں گے، سینٹرل پولیس آفس میں تعینات افسران میرے بھائی ہیں، کسی افسر سے کوئی شکایت نہیں ہے۔

لاہور میں مختلف علاقوں کے دورے کے بعد جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے کہا کہ صبح 6 بجے سے گھر سے نکل کر شہر کی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اچانک دوروں کا مقصد شہریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر سی سی پی اوعمر شیخ نے لاہور کےمختلف علاقوں کے دورے میں ٹریفک کے معاملات کو چیک کیا اور تھانہ شمالی چھاؤنی بھی پہنچے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس کو ڈسپلن کرنے کے لیے جذبات میں کچھ باتیں ہوجاتی ہیں ، شعیب دستگیر ان سے پوچھ لیتے ، وہ وضاحت کردیتے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ اُنہوں نے شعیب دستگیر سے معافی بھی مانگی ہے، وزیر اعلیٰ سے ملاقات میں بھی غیر مشروط معافی کی بات کی، اُنہیں انکوائری کا نہیں کہا گیا لیکن وہ انکوائری کے لیے تیار ہیں۔

تازہ ترین