سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ نواز شریف خود ذمے دار ہیں، اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔
فردِ جرم عائد ہونے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری جب کمرۂ عدالت سے باہر آئے تو صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ پر فردِ جرم عائدکی گئی اور نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا گیا، آپ کیا کہتے ہیں؟
آصف علی زرداری نے جواب دیا کہ میں نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، ہر بار سرخرو ہوا ہوں، اس مرتبہ بھی سرخرو ہوں گا۔
صحافی نے آصف زرداری سے سوال کیا کہ نواز شریف اشتہاری ہو گئے، اس بارے میں کیا کہیں گے؟
آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف خود ذمے دار ہیں، اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔
ایک صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ شہباز شریف کہتے تھے کہ آپ کو سڑکوں پر گھسیٹیں گے، کیا آپ نے انہیں معاف کر دیا؟
یہ بھی پڑھیئے: منی لانڈرنگ، زرداری پر فردِ جرم 17 ستمبر تک مؤخر
آصف زرداری نے جواب دیا کہ سیاست میں کبھی کچھ ہوتا ہے، کبھی کچھ ہوتا ہے۔
صحافیوں سے مختصر گفتگو کرنے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری احتساب عدالت سے روانہ ہو گئے۔