موذی مرض کینسر سے نبردآزما بالی ووڈ اسٹار سنجے دت نے کیموتھراپی کے دوران ہی اپنی فلم ’شمشیرا‘ کی شوٹنگ مکمل کروالی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی پہلی کیموتھراپی مکمل کروانے کے بعد کینسر کی تشخیص سے قبل فلم ’شمشیرا‘ کے باقی رہ جانے والے سینز کی عکسبندی مکمل کروالی۔
فلم کے لیے رنبیر کپور کی شوٹنگ پہلے ہی مکمل ہوگئی تھی تاہم سنجے دت کا صرف 2 دن کا شوٹ باقی رہتا تھا جو انہوں نے اب مکمل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سنجےکا علاج ممبئی کے اسپتال میں شروع ہوگیا: مانیتا دت
دوسری جانب بھارت کے مشہور و مقبول فوٹوگرافر وریندر چاولہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سنجے دت کی تصویر شیئر کی جس میں انہیں ممبئی اسٹوڈیو کے باہر گاڑی میں دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ فلم کی شوٹنگ 2 دن جاری رہی اور اب سنجے دت اپنی دوسری کیموتھراپی شروع کروائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت کی دوسری کیموتھراپی آئندہ ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے تاہم ابھی یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ اداکار کو کتنی کیموتھراپی کی ضرورت ہے ۔
بھارتی فلم ’شمشیرا‘ میں اداکار رنبیر کپور، سنجے دت اور وانی کپور مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے، یش راج فلمز کی اس فلم کی ہدایات کرن ملہوترا دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سنجے دت نے ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال سے اپنی پہلی کیموتھراپی مکمل کروائی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: کینسر کا شکار سنجے دت کی اہلیہ کا جذباتی پیغام
موذی مرض کے علاج کیلئے سنجے دت نے امریکا جانے کا فیصلہ کیا تھا اور طبی بنیادوں پر 5 سال کے لیے امریکا کا ویزا حاصل کرلیا ہے بعدازاں انہوں نے اپنا علاج ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں شروع کروالیا۔