• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے فیصلوں سے خاندانی کاروبار کو نقصان پہنچا: شہباز شریف


مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے فیصلوں سے خاندانی کاروبار کو نقصان پہنچا۔

منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں پیشی کے لیے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف لاہور کی احتساب عدالت پہنچ گئے۔

شہباز شریف نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 10 سال میں، میں نے قوم کے اربوں روپے بچائے۔

انہوں نے کہا کہ بلا خوف 10 سال میں بڑے شفاف طریقے سے کام کیا، میں نے ملک اور پنجاب کی ایک ایک پائی بچانے کی کوشش کی۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میرے خلاف یہ کیس بنایا جا رہا ہے؟ مجھے اور میرے بھائی میاں نواز شریف کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ میرے فیصلوں کی وجہ سے میرے خاندان کے کاروبار کو کبھی فائدہ نہیں پہنچا، مجھ پر میرے خاندان کا بھی دباؤ تھا کہ ریٹ کم کیا جائے اور سبسڈی دی جائے، مگر میں نے گنے کی قیمت کم کی، نہ سبسڈی دی۔

شہباز شریف نے بتایا کہ اس فیصلے سے میرے خاندان کی ملوں کو ایک ارب روپے کا نقصان پہنچا، فیصلوں سے خاندانی کاروبار کا نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کے کاروبار کو ہمارے فیصلوں کی وجہ سے فائدہ نہیں الٹا نقصان ہوا، میں کئی مثالیں دے سکتا ہوں، یہاں گنے کی قیمتوں کی ایک مثال دے رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے 160 روپے گنے کی قیمت مقرر کی اور 12 روپے سبسڈی دی گئی جس سے پنجاب میں کہرام مچ گیا تھا، مجھے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواستیں آئیں، مگر میں نے کوئی دباؤ قبول نہیں کیا، پنجاب میں گنے کی قیمت کم کی اور نہ سبسڈی دی۔

صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ میرے بیٹے سلمان شہبازکی مل کو 46 کروڑ اور بھائیوں کے بچوں کی ملز کو 42 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، میں نے اپنے خاندان کا مفاد مدِ نظر نہیں رکھا، یہ حقیر خدمت اس خطاکار نے کی، میں نے یہ فیصلہ اپنے بچوں کے فائدے کے خلاف کیا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کو جانے کی اجازت

رمضان شوگر ملز ریفرنس، فرد جرم کی کارروائی کیلئے شہباز، حمزہ طلب

انہوں نے کہا کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے شدید دباؤ کے باوجود میں نے قومی خزانے سے 1روپیہ سبسڈی کے طور پر نہیں دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے اپنے فرض کے تقاضوں سے کہیں بڑھ کر پنجاب کے عوام کا پیسہ بچایا، مجھ پر منی لانڈرنگ کا کیس بنا دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں کہ کبھی کرپشن نہیں کی، ایک بھی ایسا فیصلہ نہیں کیا جس سے خاندان کے کاروبار کو کوئی فائدہ ہوا ہو۔

اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ مجھ پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ یہ میری بے نامی جائیدادیں ہیں، اگر یہ میری بے نامی جائیدادیں ہوتیں تو کیا میں ان کو نقصان پہنچاتا؟

تازہ ترین