لاہور میں موٹروے پر زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کے کپڑے اور اجزاء فارنزک کے لیے بھیج دیئے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فارنزک سائنس ایجنسی کو نمونے موصول ہوگئے، پولیس کی جانب سے خاتون کے کپڑے اور اجزاء بھیجے گئے۔
فارنزک ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرین نے موقع سے خون اور فنگر پرنٹ بھی حاصل کئے ہیں، نمونوں سے ملزمان کی معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں گجر پورہ کے علاقے میں دو ملزمان نے ڈکیتی کے دوران خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ایف آئی آر کے مطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک ان کی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔
خاتون نے گوجرانوالہ میں اپنے رشتے دار کو اس حوالے سے آگاہ کیا، جس نے اسے موٹر وے پولیس کو اطلاع کرنے کا کہا۔
خاتون کافی دیر تک موٹر وے پولیس کا انتظار کرتی رہی، ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اسکے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔
وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے، کسی مہذب معاشرے میں ایسی درندگی اور حیوانیت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔