• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ عائزہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی حورین اور بیٹے ریان تیمور کے لیے ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔

جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈراما سیریل ’مہر پوش‘ کی ’مہرو‘ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے دونوں بچوں کے ہمراہ ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اداکارہ حورین اور ریان کے ساتھ کھیلتی نظر آرہی ہیں۔


عائزہ خان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اپنے دونوں بچوں کے لیے محبت بھرا پیغام بھی لکھا، اُنہوں نے لکھا کہ ’میرے لیے یہ بیان کرنا ناممکن ہے کہ میں اپنے ان دو ننّھے فرشتوں سے کس قدر محبت کرتی ہوں اور اِن کے بہتر مستقبل کے لیے کتنی تیار ہوں۔‘

اداکارہ نے اپنی مضبوطی کا راز بتاتے ہوئے لکھا کہ ’میرے دونوں بچے ہی میری طاقت ہیں اور اِن کی وجہ سے ہی میں ہر مشکل گھڑی میں بھی مضبوط رہتی ہوں اور ہر معرکے کا سامنا کرلیتی ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میرے لیے سب سے پہلی ترجیح میرے بچے ہیں اور میں نے کبھی اِن کے آگے کسی دوسرے کو ترجیح نہیں دی، یہ میری فیملی ہیں، میری زندگی کی خوبصورت محبت ہیں۔‘

ماڈل مہرین سید اور اداکارہ مومل شیخ نے عائزہ خان اور اُن کے بچوں کی تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ  ’ماشاءاللّہ۔‘

مہرین سید اور مومل شیخ نے اپنے کمنٹ میں دل والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا اور عائزہ خان کی فیملی کے لیے محبت کا اظہار کیا۔


عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 15گھنٹے قبل یہ پوسٹ شیئر کی ہے جسے اب تک ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد صارفین لائیک کرچکے ہیں جبکہ اُن کے مداحوں کی جانب سے اُن کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ عائزہ خان اور دانش تیمور کی شادی کو 6 سال ہوگئے ہیں، یہ خوبصورت جوڑی 8 اگست 2014 میں شادی کے بندھن میں بندھی تھی۔

تازہ ترین