سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بُک نے یونیورسٹیز کے طالب علموں کے لیے ایک زبردست فیچر متعارف کروادیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بُک نے یونیورسٹیز کے طالب علموں کو اپنے ہم جماعت سے رابطے میں رہنے کے لیے ایک زبردست فیچر’کیمپس‘ کے نام سے متعارف کروایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیس بُک کے اِس نئے فیچر میں طلباء کو ایک نئی پروفائل بنانی ہوگی جس کے لیے پروفائل نام، پروفائل تصویر اور صارف کی دیگر معلومات اُس کے فیس بُک اکاؤنٹ سے ہی لی جائے گی۔
اِس کے علاوہ طلباء اپنی تعلیم کے حساب سے مضامین اور دیگر معلومات بھی خود سے اس پروفائل میں شامل کرسکتے ہیں اور اِس طرح طلباء اپنے ہم جماعت اور دُنیا بھر میں موجود اپنے ہم مضامین سے بھی مستقل رابطے میں رہ سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: پاس ورڈ بدلتے وقت یہ 10 چیزیں نہ کریں
رپورٹ کے مطابق فیس بُک کی جانب سے جاری کردہ کیمپس فیچر پر پروفائل بنانے والے طلباء کی نیوز فیڈ بھی الگ ہوگی جس پر اُن کی تعلیمی مواد سے متعلق معلوماتی پوسٹس ہی کی جائیں اور یہ پوسٹس طلباء کے تعلیمی ادارے اور خود طالب علموں کی طرف سے کی جائیں گی تاکہ ہر ایک معیاری معلومات حاصل ہوسکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بُک کا یہ نیا فیچر فی الحال امریکا کے 30 کالج و یونیورسٹیز کے لیے شروع کیا گیا ہے جن میں جارجیا سٹیٹ، یونیورسٹی آف پنسلوانیا، براؤن، جانز ہوپکنز اور ڈوک سمیت دیگر جامعات شامل ہیں جبکہ اِس زبردست فیچر میں ہارورڈ یونیورسٹی کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا کے اِس دور میں آج کی نوجوان نسل فیس بُک چھوڑ کر دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب تیزی سے راغب ہورہی ہے جن میں سب سے ٹاپ پر میوزک اینڈ سوشل ایپ ٹک ٹاک ہے اور اس کے بعد انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ، ٹوئٹر سمیت دیگر پلیٹ فارمز ہیں، یہی وجہ ہے کہ فیس بُک نے نوجوان نسل کو اپنی طرف دوبارہ راغب کرنے کے لیے یہ زبردست فیچر متعارف کروایا ہے۔