• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی جان کو خطرہ، تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں، مسلم لیگ بیلجیئم

یورپین دارالحکومت برسلز میں مقیم مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ مریم نواز کی جان کو خطرہ ہے، لہذٰا ان کے تحفظ کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ آزاد کشمیر کے رہنما اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے کوآرڈینیٹر راجا محمد خالد، مسلم لیگ (ن) بیلجیئم کے بانی رہنما شیخ محمد الیاس، اصغر بٹ، سونی بٹ، کاشف صادق اور فلک شیر نے کیا۔

11 اگست کو مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع کی مناسبت سے منعقد کیے جانے والے اس احتجاجی اجلاس میں مقررین نے کہا کہ مریم نواز کے پاس کبھی بھی کوئی عوامی عہدہ نہیں رہا۔ اس لحاظ سے کسی کمیشن، کک بیک یا مالی مفادات کے لیے اس عوامی دفتر کے غلط استعمال کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کا دفتر وزیرِاعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی حکومت کے کہنے پر عمل پیرا ہے جو صرف سابق وزیرِاعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی شہرت کو داغدار بنانا چاہتا ہے اور جو موجودہ حکمراں جماعت کی اصل سیاسی مخالف سمجھی جاتی ہیں۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ مریم نواز کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے نوٹس کو چیلنج کرنے کا حق تھا، لیکن وہ کسی بھی انکوائری میں تعاون کرنے پر پوری رضامند رہیں اور عدالت میں حاضر ہوئیں۔ مریم نواز کبھی بھی کسی بدعنوانی میں ملوث نہیں رہی ہیں۔

ان رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ 11 اگست کو نیب کے دفتر کے قریب مریم نواز کی گاڑی کو لیزر گن سے نشانہ بنایا گیا۔ جس کی بنا پر کہا جاسکتا ہے کہ ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اس موقع پر مقررین نے موجودہ پی ٹی آئی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں نئی پولیس تعیناتیوں کے ذریعے حکومت اپنے سیاسی مخالفین خصوصی طور پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو ڈرانا اور دھمکانا چاہتی ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔

اس اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے علی زاہد نے ٹیلیفون کے ذریعے خطاب کیا اور کارکنوں کو اپنی پارٹی کا پیغام پہنچایا۔ شرکاء اجلاس نے اس موقع پر اپنی جماعت کے حق اور موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

تازہ ترین