شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ نیمل خاور عباسی کا حالیہ زیادتی کے واقعات پر کہنا ہے کہ ہمارا معاشرہ اخلاقی اقدار کھو چکا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر نیمل نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ جہلم میں 7 سالہ بچی کے ساتھ امام مسجد کی زیادتی، موٹر وے واقعہ اور ماورہ کو زیادتی کرنے کے بعد جلا دینا، ایسے تمام واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
26 سالہ نیمل نے لکھا کہ ’ہر روز ہم سب کے دلوں میں خوف سوار رہتا ہے کہ کوئی بری خبر سننے کو نہ مل جائے، یہ کب تک چلے گا اور ہم مسلمان کس طرف جارہے ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’مجھے اس دن کا بےصبری سے انتظار ہے کہ جب وطن عزیز میں خواتین خود کو محفوظ تصور کریں گی۔‘
لاہور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ ہونے والی اجتماعی زیادتی کے افسوسناک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، عوام کے ساتھ حکومت اور شوبز کی معروف شخصیات بھی اس حادثے پر آواز اٹھارہی ہیں اور ملزمان کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کررہی ہیں۔