موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی مفرور ملزم عابد علی کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا۔
موٹر وے زیادتی کیس سے جڑے گروہ سے متعلق گتھی سلجھنے لگی ہے، گروہ سے جڑے کئی نام سامنے آگئے۔
پولیس کے روبرو کچھ ملزمان نے خود گرفتاری دے دی ہے جبکہ ایک کو پولیس نے دیپالپور سے گرفت میں لے لیا ہے۔
پولیس کو اب صرف مرکزی مفرور ملزم عابد علی کی تلاش ہے، جس کی گرفتاری کے لیے تلاش اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ادھر مبینہ طور پر عابد علی کے ساتھ مل کر وارداتیں کرنے والے عباس علی نے گرفتاری دی ہے اور شفقت علی کو پولیس نے حراست میں لےلیا ہے۔
عباس علی اور شفقت علی کی نشاندہی گزشتہ روز خود گرفتاری دینے والے وقار الحسن نے کی تھی۔
گرفتاری دینے والے عباس جو وقار الحسن کا سالہ ہے، نے زیادتی کے واقعے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ،او ر اس حوالے سے ویڈیو بیان بھی جاری کیا ہے۔
گزشتہ روز گرفتاری دینے والے وقار الحسن کو متاثرہ خاتون نے شناخت سے انکار کردیا ہے، تفتیشی حکام نے متاثرہ خاتون کو وقار الحسن کی تصویر بھیجی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق وقار الحسن زیادتی کی واردات میں ملوث ہے یا نہیں اس بارے میں حتمی فیصلہ ڈی این اے رپورٹ سے ہوگا۔