• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ موٹروے: ملزم عباس نے مرکزی ملزم عابد سے لاتعلقی کا اظہار کردیا

موٹروے سانحے کے ملزم عباس نے مرکزی ملزم عابد سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔

قبل ازیں سانحہ موٹروے کے ملزم عباس نے گرفتاری دیدی تھی، ذرائع کے مطابق عباس نے شیخوپورہ میں خود کو پولیس کے حوالے کیا۔

تاہم اب اس نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ میرا مرکزی ملزم عابد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس نے پولیس کو بتایا کہ ملزم عابد ہمارے پاس کام کے لیے آیا تھا کہ مجھے کام پر رکھ لیں، میں نے عابد کو کام پر رکھ لیا، اس کے ساتھ کام سے متعلق ہی رابطہ تھا۔

ملزم عباس نے موقف اپنایا کہ کام پر دوسرے مزدوروں کی طرح عابد بھی میرا فون استعمال کرتا رہا، عابد بھی میرے ساتھ اسٹیل کے کارخانے پر کام کرتا تھا۔

واضح رہے کہ ملزم عباس جو موبائل فون سم استعمال کر رہا تھا وہ اس کے بہنوئی ملزم وقارالحسن کی ہے۔

پولیس کو بیان دیتے ہوئے عباس نے بتایا کہ عابد نے کہا گھر سے باہر آکر میری بات سنو مجھے موٹر سائیکل ٹھیک کروانی ہے۔

عباس نے کہا کہ میں خود پولیس کو گرفتاری دی ہے، امید کرتا ہوں کہ پولیس میرے ساتھ انصاف کرے گی۔

اس حوالے سے  ملزم عباس کے والد نے پولیس کو بتایا کہ میرا بیٹا فیکٹری میں ٹھیکیدار کے طور پر کام کرتا تھا، ملزم عابد میرے بیٹے کے ساتھ کام کرتا تھا اور اسی نے میرے بیٹے کا موبائل فون استعمال کیا۔

ایک محلے دار کا کہنا تھا کہ عباس ملزم عابد کے ساتھ فیکٹری میں کام کرتا تھا، عباس کا تھانے میں کوئی جرائم کا ریکارڈ بھی نہیں ہے۔

تازہ ترین