• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹروے واقعے پر وزیراعظم غائب رہے، شہباز شریف


قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے واقعے پر وزیراعظم عمران خان غائب رہے، ایک لفظ تک نہیں کہا۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جب قوم تلاش کرتی ہے کہ ہمارا وزیراعظم کہاں ہے تو وہ غائب ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صرف اپوزیشن کو دیوار سے لگانے میں مصروف ہیں جبکہ واقعے پر سیاسی لیڈر شپ نے ذمے داری کا ثبوت دیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پوری قوم سوگوار تھی تو حکومت اس بحث میں الجھی ہوئی تھی کہ موٹروے پر کس کا کنٹرول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے واقعے کے بعد پولیس افسر نے طعنہ زنی کی، جس سے پوری قوم کو تکلیف ہوئی۔

شہباز نے یہ بھی کہا کہ جس پولیس افسر نے طعنہ زنی کی اس شخص کو جنہوں نے لگایا ہے وہ سینہ تان کر کھڑے تھے کہ ہاں اسے ہم نے لگایا۔

قائد حزب اختلاف نے ایوان میں سوال اٹھایا کہ ایک پولیس افسر یہ کہے کہ خاتون رات کو کیوں نکلی، اس راستے کیوں نہیں گئی؟ کوئی ذی شعور شخص ایسا سوچ بھی سکتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو کسی چیز کی کوئی پروا نہیں لیکن اللّٰہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ضرور کرے گا۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ سی سی پی او لاہور کو قومی اسمبلی کی کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔

تازہ ترین