• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلی حکومت ہے جو مظلوم کو الزام دیتی ہے، مریم نواز


سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ پہلی حکومت ہے جو ہر واقعہ کا الزام مظلوم کو دیتی ہے، یہ نہ تو حفاظت کرسکتے ہیں اور نہ ہی مظلوم کی داد رسی کرسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ آپ مجرم کے بجائے مظلوم کو الزام دے کر بھیڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، آپ کو شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سانحے اور المیے میں فرق ہوتا ہے، سانحہ موٹروے پر ہوا اور المیہ یہ ہے کہ سی سی پی او کہتا ہے کہ رات کو شہریوں کی حفاظت ان کی ذمے داری نہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سی سی پی او نے واضح کیا کہ موٹر وے پر ڈرائیونگ کرتی عورت ریاست کا مسئلہ نہیں ہے، کیا آپ یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ریاست 12 بجے کے بعد سوجاتی ہے؟ یا یہاں جنگل کا قانون ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت سے سوال ہے کہ ایک بدنام زمانہ افسر میں کونسے سرخاب کے پر لگے ہیں جو اس کے دفاع میں وفاقی وزراء بھی میدان میں اتر آئے اور سرکاری ترجمان بھی صف آرا ہوگئے ہیں؟

مریم نواز نے کہا کہ حکومت نہ تو حفاظت کرسکتی ہے اور نہ ہی مظلوم کی داد رسی کرسکتی ہے، یہ پیغام اس ملک کی عورتوں اور شہریوں کو دے دیا گیا ہے، یہ سانحے سے بڑا المیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ارکان اور سی سی پی او کو کیا پتہ کہ ہر عورت کے پاس گاڑی نہیں ہوتی، اس ملک کی عام عورت کو گھر سے نکلنا پڑتا ہے، چاہے وہ کہیں بھی ہو۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ گھر سے نکلنے والی عورت کی حفاظت ریاست کی ذمے داری ہے، موٹروے پر شرمناک اور اندوہناک واقعے سے پاکستان کی عوام بالخصوص خواتین ہل کر رہ گئی ہیں۔

تازہ ترین