کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے مروہ قتل کیس میں گرفتار تین ملزمان فیض ، عبداللہ اور نواز کو 26ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ منگل کو انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں مروہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت سے قبل پی آئی بی پولیس نے ملزم نواز کو بے گناہ قرار دے دیا تھا تاہم وکیل سرکار کے اعتراض پر نواز کو پیش کیا گیا۔ پی آئی بی پولیس نے سماعت سے قبل پبلک پراسیکیوٹرکو آگاہ کیا کہ ملزم نواز کے خلاف کوئی شواہد موجود نہیں لہذا ملزم کو بے گناہ قرار دیکر چھوڑ دیا گیا ہے۔ پراسیکیوٹر نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا اور اعتراض کیا کہ کس قانون کے تحت ملزم کو چھوڑا گیا کوئی تحریری درخواست ہے ؟وکیل سرکار کے اعتراض پر آئی او تحریری درخواست پیش نہ کرسکا اور وکیل سرکار کی ہدایت پر نواز کو بھی پیش کردیا گیا ۔ سماعت شروع ہوئی تو پولیس نے ملزمان فیض ، عبداللہ اور نواز کو عدالت میں پیش کیا ۔ گرفتار دو ملزموں نے بچی سے زیادتی و قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔