وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ارکانِ پارلیمنٹ نے گیس اور بجلی کے نئے کنکشن نہ لگنے کا شکوہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس کا مقصد تمام ارکان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرنا تھا۔
اس دوران وزیراعظم کے روبرو ارکان پارلیمان اپنے اپنے حلقوں کے مسائل لے کر بیٹھ گئے اور انہیں حل نہ کیے جانے کی شکایات کیں۔
ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمان نے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ وہ ہمارے حلقوں کے مسائل حل کریں۔
دوران اجلاس کچھ ارکان پارلیمان نے گیس اور بجلی کے نئے کنکشن نہ لگنے کا شکوہ کیا، جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
عمران خان نے ارکان پارلیمان سے کہا کہ وہ آج کے اجلاس کی اہمیت کو سمجھیں، پاکستان کےلیے فیٹف بلز کو منظور کروانا ہے۔
وزیراعظم نے ارکان پارلیمان کو ہدایت کی کہ وہ تمام مشترکہ اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔