• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدقسمتی سے کچھ لوگ مشکلات کو نئے پاکستان سے جوڑ رہے ہیں، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ بدقسمتی سے کچھ لوگ مشکلات کو نئے پاکستان سے جوڑ رہے ہیں۔

راوی ریور فرنٹ اربن ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اس منصوبے میں نئے پاکستان کا تصور نظر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راوی منصوبہ پہلے اس لیے کامیاب نہیں ہوا کہ ماضی میں ترجیح اپنا مال بنانا تھا، کسی نے نہیں سوچا غریب اور مزدور کہاں رہیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ غریب طبقے اور تنخواہ دار کو گھر مل سکے گا، یہ منصوبہ لاہور شہر کی بھی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکلات آئیں گی، وفاق صوبائی حکومت کو بھرپور مدد فراہم کرے گا، راوی منصوبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری سمندر پار پاکستانی کریں گے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سارے فیصلے چھوٹے سے طبقے کے لیے کیے جاتےہیں، لاک ڈاؤن کی تجویز پر یہی پوچھتا تھا دہاڑی دار اور غریب کا کیا بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ کیمرا مین مشکل وقت میں لوگوں سے جاکر پوچھتا ہے نیا پاکستان کدھر ہے؟، مشکلات میں جاکر نئے پاکستان کا پوچھیں گے تو کون تعریف کرے گا؟

عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے سوچ تھی کہ شوگر ملز لگائیں، پیسا بنائیں اور لندن میں گھر بنالیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک فلاحی ریاست، مدینے کی ریاست کے اصولوں پر بنا، پہلی بار ملک میں غریبوں کو ملک میں ہیلتھ انشورنش دی گئی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دیں گے، نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں باقاعدہ غریبوں کی جگہ رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں پانی کا مسئلہ تیزی سے شدت اختیار کررہا ہے، راوی میں سارا سیوریج شامل ہوتا ہے اور بیماریوں کا باعث بنتا ہے، پہلی مرتبہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگیں گے، روای میں صاف پانی جائے گا۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ماڈرن سٹی کو گرین سٹی بنانا ضروری ہے، اس کے بعد باقی شہر بھی منظم ہوں گے، اس منصوبے پر سارا فنڈ پرائیوٹ سیکٹر سے آئے گا اور ہم سہولت فراہم کریں گے۔

تازہ ترین