پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ نے وزیر اعظم عمران خان سے شکوہ کیا ہے کہ وفاقی وزراء کے پاس عوامی مسائل سننے کا وقت نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف، اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم کے سامنے اپنے شکوے پیش کیے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نئی توانائی پالیسی لارہے ہیں، آج کے اجلاس کی اہمیت کو سمجھیں، پاکستان کے لیے فیٹف بلز کو منظور کرانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن اپنے لیڈرز کی کرپشن بچانے کے لیے قومی مفاد کے قانون کی مخالفت کررہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران ایم این اے نور عالم خان نے نیب کے نوٹس ملنے پر پارلیمانی پارٹی اجلاس میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی بات کرتے ہیں تو نیب نوٹس بھیج دیتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نیب حکومت کے کنٹرول میں نہیں، آزاد ادارہ ہے، جبکہ نیب نے تو ہمارے وزرائے اعلیٰ اور وزیروں کے خلاف بھی نوٹس دیئے ہیں۔