• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا مخالف بیان، بچن خاندان کی سیکیورٹی بڑھادی گئی

بھارتی ایوان بالا راجیا سبھا میں کنگنا رناؤت کے خلاف دھواں دھار بیان دینے کے بعد سماج وادی پارٹی کی رکنِ پارلیمنٹ اور لیجنڈی اداکار امیتابھ بچن کی اہلیہ سمیت پورے بچن خاندان کی سیکیورٹی بڑھادی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا نے کہا ہے کہ بچن خاندان کی سیکیورٹی جیا بچن کے راجیا سبھا میں بیان کے بعد بڑھائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کنگنا رناؤت فلم اندسٹری میں اقرباپروری کے خلاف آواز بلند کرنے والوں میں شامل ہیں اور انھوں نے بالی ووڈ فلم انڈسٹری کو ایک ’گٹر‘ قرار دے دیا تھا۔

اس کے بعد بھارتی ایوان بالا میں تقریر کرتے ہوئے سابقہ اداکارہ و سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ جیا بچن نے کہا تھا کہ شوبز انڈسٹری کے کچھ لوگوں کو سوشل میڈیا پر مار پڑ رہی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایسے لوگ جنھوں نے اس انڈسٹری سے نام بنایا، وہ اسے ہی گٹر کہہ رہے ہیں۔

جیا بچن کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ حکومت ایسے لوگوں کو بتائے گی کہ وہ اس طرح کی زبان استعمال نہ کریں۔

جیا بچن کے اس بیان پر کنگنا رناؤت نے پھر ایک بیان داغتے ہوئے رکن پارلیمنٹ سے کہا تھا کہ آپ ہمارے کے لیے بھی ہمدردی کا اظہار کریں۔

جیا بچن کے بیان کے بعد انھیں اور ان کے اہل خانہ کو سوشل میڈیا پر ہراساں کیا جانے لگا۔

تاہم اب میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ممبئی میں اداکار امیتابھ بچن کے گھر جلسہ کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

ممبئی کے ایک وزیر کا کہنا تھا کہ راجیا سبھا میں جیا بچن کے بیان کےک بعد انھیں ملنے والی دھمکیوں کے باعث ان کے اہلِ خانہ کی سیکیورٹی بڑھائی گئی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سائبر سیل سوشل میڈیا پر ایسے لوگوں کا تعین کر رہا ہے جو بچن خاندان کو ہدف بنا رہے ہیں۔

تازہ ترین