• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم کارڈیشن سمیت شوبز شخصیات کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ معطل کرنے کا اعلان

امریکی اداکارہ و ماڈل کم کارڈیشن سمیت درجنوں شوبز ستاروں نےاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کااعلان کیا ہے۔

شوبز سے وابستہ شخصیات نے یہ اعلان نفرت آمیز پروپیگنڈے اور غلط معلومات پھیلانے کے حوالے سے کیا ہے۔

کم کارڈیشن نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا بیان میں لکھا تھا کہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے کے بہت سنجیدہ اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

کم کارڈیشن اور دیگر شوبز شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا بائیکاٹ سول سوسائٹی کی جانب سے شروع کی گئی ’اسٹاپ ہیٹ فار پرافٹ‘ (stophateforprofit) مہم کا حصہ ہے، اس مہم کے تحت شوبز شخصیات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس 24 گھنٹوں کے لیے معطل کریں گے۔

کم کارڈیشن نے لکھا کہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے نفرت، پروپیگنڈے اور غلط معلومات پھیلانے کے معاملے پر میں خاموش نہیں بیٹھ سکتی، غلط معلومات سے ہمارے الیکشن اور جمہوریت پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے اعلان سے جڑی اس مہم میں ہالی وڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو، ساشا بیرون، جینیفر لارنس اور گلوکارہ کیٹی پیری بھی شامل ہیں۔

گلوکارہ کیٹی پیری نے بھی اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹس پر کم کارڈیشن جیسا پیغام جاری کیا اور لکھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے غلط معلومات پھیلانے پر خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔

فیس بک اور انسٹاگرام کے خلاف اسٹاپ ہیٹ فار پرافٹ مہم رواں برس جون میں شروع ہوئی، ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نفرت آمیز اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک جو انسٹا گرام اور واٹس ایپ کا بھی مرکزی گروپ ہے، اس نے گزشتہ برس اشتہارات کی مد میں 70 ارب ڈالر کمائے تھے۔

جون میں ہی فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ایسے تمام اشتہارات ہٹا دیے جائیں گے جو نفرت پر مبنی ہوں گے، لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز اشتہارات اور غلط معلومات پھیلانے کا سلسلہ جاری ہے۔

تازہ ترین