• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی بی کے افسر کو پڑوسی ملک کے موبائل نمبروں سے دھمکیاں

اسلام آباد (خصو صی نامہ نگار ) حساس معاملات کی تفتیش اور گرفتاری میں معاونت کرنے والے انٹیلیجنس بیورو کے افسر کو پڑوسی ملک کے موبائل نمبروں سے مسلسل دھمکیاں ملنے کے بعد افسر پولیس سے حفاظت مانگنے پر مجبور ہو گیا ہے، انسپکٹر راجہ راحت جاوید نے آبپارہ پولیس کو تحریری درخواست دی کہ وہ حساس ادارے میں خدمات سر انجام دے رہا ہے، کافی دنوں سے میرے ذاتی نمبروں پر مختلف اوقات میں کالز آتی ہیں ،ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کال کرنے والا مجھے خوفزدہ اور ہراساں کرنے کی کوشش کر رہا ہے، قبل ازیں میں حساس ادارے سے اسلام آباد پولیس میں آیا اور اسلام آباد پولیس میں انچارج ہائی پروفائل کرائم یونٹ اسلام آباد خدمات سر انجام دے چکا ہوں، اس دوران میں نے ہائی پروفائل کیس ٹریس کر کے ملزموں کو گرفتار کرایا،قوی امکان ہے کہ مجھے کی جانے والی کالز اس سلسلے کی کڑی ہو سکتی ہے ،میں اور میری فیملی اس وجہ سے خوفزدہ ہے میں نے اپنے دفتر کے افسران کو بھی آگاہ کر دیا ہے آبپارہ پولیس نے اس حوالے سے رپورٹ درج کر لی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس ادارے کے افسر کو کی جانے والی کالز پڑوسی ملک کے نمبروں سے آ رہی ہیں ۔معاملے کی تفتیش کرنے والے اے آئی ایس کا کہنا ہے کہ سی ڈی آر کیلئے کہا ہوا ہے کارروائی جاری ہے ۔

تازہ ترین