خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ اسٹار سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے سوشل میڈیا سے 10 روز کیلئے بریک لے لیا۔
سوشل میڈیا پر فعال رہ کر بھائی کو انصاف دلانے کیلئے آواز بلند کرنے والی شویتا سنگھ کیرتی نے بھائی کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا۔
شویتا نے لکھا کہ ’بھائی کے دنیا سے رخصت ہونے پر جتنا بھی مضبوط رہنے کی کوشش کروں ناکام ہوجاتی ہوں، اور بھائی کے جانے کا درد تمام چیزوں پر حاوی ہوجاتا ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ یہ سوچ ہی میرے دل کےڈوبنے کا باعث بنتی ہے کہ میں اب کبھی سشانت کو ہنستے ہوئے یا مذاق کرتے ہوئے نہیں دیکھ پاؤں گی۔
شویتا نے لکھا کہ میں حیران ہوں کہ تین ماہ گزر جانے کے بعد بھی میں پوری طرح مستحکم نہیں ہوسکی، جذباتی طور پر پریشان کُن حالات کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 10 دن کے لیے سوشل میڈیا سے دور جارہی ہیں تاکہ اپنا سارا وقت عبادت میں گزار سکیں، انہوں نے لکھا کہ ایسا عمل ہی میرے درد کو کم کرسکتا ہے۔
خیال رہے کہ 14جون کو سشانت سنگھ نے دوپہر کے وقت ممبئی میں اپنے فلیٹ پر ملازمین اور دوست کی موجودگی میں پھندا لگا کر خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔