اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ’’ عمران صاحب‘‘ افسوس اپنی طرح چھوٹی بات کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی پارلیمنٹ کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمان میں وزیراعظم کی گفتگو کنٹینروالی ذہنیت کی عکاس ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار کے والد کے بارے میں گھٹیا بات آپ جیسا شخص ہی کر سکتاہے،کس کے والد کون تھے؟ کیا تھے؟ یہ بھی پورا پاکستان جانتا ہے۔ ہمیں دوسروں کے والدین کی عزت کرنا سکھایاگیا ہےجو خود والد نہ بن سکا، وہ دوسروں کے والدین کی عزت کرناکیاجانے؟انہوں نے کہاکہ میاں شریف جیسے باکردار ، سچے اور محنتی شخص کے بارے میں گھٹیا بات کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ میاں شریف محنت وعظمت اور شرافت کا روشن کردار رہےان کا شمار1940 میں اِس خطے کے امیر ترین صنعتکاروں میں ہوتا تھا ۔ ترجمان ن لیگ نے کہاکہ عمران صاحب بے نامی بنی گالہ، لندن میں نیازی لمیٹڈ، علیمہ باجی کا کالا دھن سفید کرنے کی سکیم سے فائدہ اٹھانے کی بھی بات کرلیتے؟عمران صاحب آپ کی طرح اسحاق ڈار نے23 فارن فنڈنگ کے خفیہ اکاونٹس سے پیسے لے کر ملک کے خلاف سازش نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ فاٹف کے نام پر آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کو پامال نہیں ہونے دیں گے ۔ عمران صاحب اقتدار کے نشے میں جو کرنا ہےکریں لیکن آئین اور پاکستانیوں کے بنیادی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔