• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن 191روز سے حبس بیجا میں، فوری رہا کیا جائے، مقررین

میر شکیل الرحمٰن 191روز سے حبس بیجا میں، فوری رہا کیا جائے، مقررین 


کراچی / لاہور / راولپنڈی / پشاور (اسٹاف رپورٹر / نمائندگان جنگ) جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی نیب کے ہاتھوں غیر قانونی گرفتاری کیخلاف جمعرات کے روز بھی کراچی ، لاہور ، راولپنڈی اور پشاور سمیت ملک کے کئی شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ، جس میں سیاسی اور سماجی رہنماؤں سمیت سینئر صحافیوں ، جنگ و جیو گروپ کے کارکنوں اور ملازمین کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن 191روز سے حبس بیجا میں ہیں ، انہیں قید کرکے حکومت کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے ، میر شکیل الرحمٰن آزادی صحافت کے علم بردار ہیں انہیں اسی جرم میں گرفتار کیا گیا ہے ان پر کوئی الزام نہیں ۔ دوسری جانب کراچی میں صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے چھ ماہ سے زائد عرصے سے گرفتار جنگ جیو کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمٰن نے جس استقامت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے وہ پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، انہوں نے مخالفین کے تمام اندازوں اور دعوئوں کو غلط ثابت کردیا ہے کہ میرشکیل الرحمٰن حق اور سچ کیلئے ایک دن بھی جیل میں نہیں رہ سکتے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری انفارمیشن زاہد عسکری، ایپنک کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا، کراچی یونین آف جرنلسٹ کے سابق جنرل سیکرٹری جاوید قریشی، ایپنک کراچی کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف اور دی نیوز یونین کے جنرل سیکرٹری دارا ظفر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے مزید کہا کہ میرشکیل الرحمٰن کا حوصلہ دیکھ کر خوشی ہوئی اور ان سے کہا تھا کہ جماعت اسلامی آپ کی حق اور سچائی پر یقین رکھتی ہے اور آپ کے ساتھ ہر جگہ موجود ہو گی۔ زاہد عسکری نے کہا کہ میرشکیل الرحمٰن صحافت کی آبرو اور شان ہے، وہ حق اور سچ کے فلسفے پر قائم ہیں وہ آمروں کے سامنے بھی نہیں جھکے تھے اور نہ ہی اس حکومت کے سامنے سرخم تسلیم کیا ہے۔ ہم بھی آزاد صحافت کے علمبردار ہیں اور اس کیلئے ہر قربانی دیں گے۔ جماعت اسلامی جنگ اور جیو کے کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آپ جب جب بلائیں گے ہمارے قائدین آپ کے کیمپ میں حاضر ہوکر میرشکیل کے حق میں آواز اٹھائیں گے۔

تازہ ترین