عالمی ادارہ صحت نے یورپ میں کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے پورے یورپ سے تقریبا ً3 لاکھ نئے کیس سامنے آئے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس سے یورپ بھر میں لگ بھگ 50 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ تقریبا ً2 لاکھ 28 ہزار ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
فرانس کے وزیر صحت کے مطابق فرانس میں کورونا وائرس ایک بار پھر زور پکڑ گیا ہے، کورونا کے ابتدا سے گزشتہ روز فرانس میں سب سے زیادہ 10 ہزار 593 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ادھر اسپین میں کورونا وائرس سے جون کے بعد 239 اموات ہوئیں، جبکہ چیک ری پبلک میں روزانہ تقریبا ً 2 ہزار کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ نیدرلینڈز میں بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس 9 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ زندگیاں لے گیا، بھارت میں مزید 11سو سے زائد اموات ہونے کے بعد مرنے والوں کی تعداد 84 ہزار 400 سے بڑھ گئی۔ بھارت میں مریضوں کی تعداد 52 لاکھ سے زیادہ ہو گئی، جبکہ امریکا میں اموات 2 لاکھ 2 ہزار اور 68 لاکھ سے زائد مریض ہو گئے۔