وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ ملک نعروں سے نہیں، احتساب سے ٹھیک ہوگا، جو اقتدار میں ہیں ان کا احتساب پہلے کرنا ہوگا، منی لانڈرنگ قانون کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگا۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے لاہور چیمبر کا دورہ کیا ، پاسپورٹ سینٹر کا افتتاح کیا اور امن و امان کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات سنے ۔
اس موقع پر میدیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزیراعظم اپنا 60 فیصد وقت اکانومی کو دیتے ہیں، میں نے لوگوں سے کہا ہے اگر میں غلط کام کروں تو میری گاڑی کو اینٹیں ماریں اورمیری گاڑی کے شیشے توڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ کہ ہمیں ملک کس حالت میں ملا، ٹیکس کی وصولی ایک اہم کام ہے سب کو ٹیکس دینا چاہیے، اگر مقامی سرمایہ کار اپنا سرمایہ ڈھاکہ لے جائیں گے تو کیا پیغام جائے گا ، یہاں بیرونی سرمایہ کار کیوں آئے گا۔
اعجاز احمد شاہ کاکہنا تھا کہ ہم اقدامات اٹھا رہے ہیں کیونکہ امن و امان سرمایہ کاری کے لئے بہت ضروری ہے، منی لانڈرنگ قانون کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگا، یہ قانون تب بھی موجود ہوگا جب ہم اپوزیشن میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے حلقے میں کسی سے زیادتی نہیں ہونے دیتا، میرا اعلان ہے میرے حلقے میں کوئی پولیس افسر پٹواری غلط کام کرے تو میں ذمہ دار ہوں۔
اعجاز شاہ کاکہنا تھا کہ کورونا ابھی گیا نہیں سب کو احتیاط کرنا ہو گی میں نے دو بھائی اس وباء سے کھوئے ہیں۔