• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریدعباس قتل کیس کا مرکزی ملزم عادل عدالت سے فرار، ہاتھ نہ لگا

کراچی (ٹی وی رپورٹ/اسٹاف رپورٹر) ٹی وی اینکر مرید عباس قتل کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر مرکزی ملزم سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے باآسانی فرار ہو گیا۔ تعاقب کرتے ہوئے ویڈیو بنانے والے صحافی کی نشاندہی کے باوجود سپریم کورٹ کے سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ملزم کو پکڑنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی قسم کا ردِ عمل سامنے آیا۔ اسٹاف رپورٹر کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے اینکر مرید عباس قتل کیس کے اہم ملزم عادل زمان کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ریمارکس میں کہاہےکہ دستیاب شواہد عادل زمان کو عاطف زمان کا شریک ملزم ثابت کرنے کیلئے کافی ہیں، ضمانت پر رہائی کا ناجائز استعمال کرنا الگ معاملہ ہے اور ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد ہونا الگ معاملہ ہے، عادل زمان کے خلاف تسلیم شدہ حقائق بیان کیئے گیے،اگر تسلیم شدہ حقائق کو نظر انداز کرکے ضمانت منظور کی جائےتو اعلیٰ عدالت کا ضمانت منسوخ کرنے کا حکم بلا جواز نہیں ہوگا۔جمعہ کو سپریم کورٹ کراچی کی جانب سے تحریری فیصلہ جاری کیا ۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عینی شاہدین عمر ریحان اور اسامہ کے مطابق عادل زمان موقع پر موجود تھا، عادل زمان خضر حیات اور مرید عباس کے قتل کی واردات کے وقت عاطف زمان کے ساتھ تھا۔

تازہ ترین