لاہور(نمائندہ جنگ) جہانگیر ترین کا بیٹا ایف آئی اے میں پیش نہ ہوا جبکہ حمزہ شہباز کو طبی معائنے کیلئے جناح اسپتال لایا گیا، تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین گزشتہ روز ایف آئی اے میں پیش نہ ہوئے اور اپنے وکیل کے ذریعے جواب جمع کروادیا ۔
علی ترین کو ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 15ارب روپے کے کارپوریٹ فراڈ کیس میں طلب کیا تھا مگر علی ترین کے وکیل نے جواب جمع کرا دیا ۔علی ترین نے کہا کہ لندن میں میرےوالد جہانگیر ترین کا علاج ہورہا ہے. میں ان کی تیمارداری کررہا ہوں، اتنی جلدی پاکستان آکر ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہوسکتا، ایف آئی اے نے جو ریکارڈ طلب کیا ہے وہ بھی اتنی جلدی نہیں مل سکتا ،مجھے وقت دیا جائے تاکہ تمام سوالات کا جواب لیکر پیش ہوں۔
ادھر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے معاملہ پر انہیں گزشتہ روز کوٹ لکھہت جیل سے جناح ہسپتال لایا گیاجہاں حمزہ شہباز کا سٹی سکین کیا گیا حمزہ شہباز چند دن قبل کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے حمزہ شہباز کے سینے کا سٹی سکین کیا گیا جس کی رپورٹ سامنے آنے پر ان کے مزید ٹیسٹ کئے جائیں گے۔