وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سننے میں آرہا ہے کہ نوازشریف کل وڈیو لنک سےخطاب کریں گے، عدالت میں پیش ہونا ہو تو بیمار، سیاست کے لئے فٹ ہوگئے ہیں، نوازشریف عوام کو بیوقوف نہیں سمجھیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم اور نوازشریف میں فرق نہیں، دونوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں اہم قوانین منظور کیے گئے ہیں قانون سازی ملک کے لیے نہایت اہم تھی، حالیہ قانون سازی فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے بنیادی شرط تھی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمران منی لانڈرنگ میں ملوث تھے، ماضی کے حکمران خود کالا دھن سفید کرتے تھے اسی لیے قانون نہیں بناتے تھے ہم اگر قانون سازی نہ کرتے توملک بلیک لسٹ میں شامل ہو سکتا تھا۔
شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن نے ذاتی مفادات کے لیے ان قوانین کے خلاف پورا زور لگایا، حکومت کا ہر اچھا اقدام اور قانون سازی اپوزیشن کے لیے بری خبر ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بیماری کا بہانہ بنا کر فرار ہونے والا شخص ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرے گا، اپوزیشن کی پوری کوشش رہی کہ پاکستان گرے لسٹ میں ہی رہے، اپوزیشن والوں نے اگر کچھ نہیں کیا تو ان کو قوانین سے کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔